کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو 10 جنوری تک بند رکھے جانے کے حکومتی احکام کی خلاف ورزی پر گلشن اقبال میں واقع شاہین پبلک اسکول کو سیل کردیا گیا۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں واقع ایک نجی اسکول میں 26 نومبر بروز جمعرات کو تدریسی عمل جاری رہا، کورونا کی وبائی صورتحال کے دوران سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے حکومتی احکامات کے باوجود طالبعلم اسکول وین کے ذریعے اسکول پہنچے جبکہ اسکول میں اساتذہ سمیت دیگر عملہ بھی موجود تھا اور تدریسی عمل بھی جاری تھا۔
میڈیا کی جانب سے نشاندہی کئے جانے پر انتظامیہ حرکت میں آئی اور اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کراچی ایسٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ اسکول پہنچ گئے، اسکول کا جائزہ لیا، اسکول میں تدریسی عمل جاری تھا اور طالبعلم اسکول میں یونیفارم میں موجود تھے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے نجی اسکول کو احکامات کی خلاف ورزی کے سبب خالی کروا کر سیل کردیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کراچی ایسٹ کا کہنا تھا ہمیں جہاں جہاں سے شکایت ملے گی ان اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی، اس موقع پر ایک اسکول وین ڈرائیور کا کہنا تھا کہ رات گئے اسکول سے میسج آیا کہ اسکول وین چلانی ہے، بچوں کو معمول کے مطابق اسکول لانے کو کہا، بچوں کو آج بھی اسکول لائے ہیں۔ تقریبا 50 کے قریب بچے اسکول آئے ہیں، حکومت نے چھٹی کا اعلان کیا ہے لیکن یہ بچوں کو اسکول بلوا رہے ہیں۔
اسکول کے ایک طالبعلم کا کہنا تھا کہ آج بہت کم پڑھائی ہوئی ہے، کلاس میں مضمون انگلش، اردو اور سائنس پڑھایا تھا، 17 بچے کلاس میں موجود تھے جبکہ عام دن میں 28 بچے ہوتے ہیں، اسکول میں کلاسیں ہورہی تھی، جبکہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبا و طالبات کو باقاعدگی سے اسکول حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔
اسکول انتطامیہ سے اسکول کھولے جانے کی وجہ پوچھے جانے پر کوئی معقول جواب نہیں دیا گیا، اسکول پرنسپل کا کہنا تھا کہ طلباکو اسکول بلانے کا مقصد ہوم ورک اور فیس واؤچر دینا تھا، واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے وزیر تعلیم نے کراچی سمیت صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 26 نومبر تا 10 جنوری تک بند رکھنے کے احکام دیے ہیں۔
The post حکومتی احکام کی خلاف ورزی پر اسکول سیل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/36aAtgZ
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box