اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں جس حلقے سے چاہیں الیکشن لڑیں میں مقابلے میں الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراچ سعید نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نورا کشتی کھیل رہی ہیں،اندر سے یہ ایک ہیں، یہ کہتے ہیں وبا کا صحیح مقابلہ نہیں کیا، لاک ڈاوَن کے دوران وزیراعظم نے ریلیف پیکج دیا اور لاک ڈاوَن سے متاثرہ افراد کے لیے 144 ارب روپے کا پروگرام شروع کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پہلے روز کہا کہ لوگوں کو بیماری اورغربت سے بچانا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی دارطبقہ سب سے زیادہ متاثرہوا۔ عمران خان نے جس اسمارٹ لاک ڈاؤن کا وژن دیا آج غیرملکی بھی اعتراف کر رہے ہیں۔ آج یورپ کے ممالک بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جا رہے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ شہباز شریف کا بیٹا ٹی ٹی اسپیشلسٹ اور داماد اشتہاری ہے جب کہ بلاول بھٹو کی سیاست کا آغاز پرچی سے ہوا۔ 35 سالوں سے حکمرانی کرنے والے غریب کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔ آصف زرداری کے دورمیں اسٹیل مل، پی آئی اے اور ریلوے خسارے میں تھے جب کہ خواجہ آصف کے دورمیں بجلی کے مہنگے منصوبے لگے۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پرڈرامے کیے گئے۔ (ن) لیگ کے دور کا وزیر خزانہ اشتہاری ہے۔ (ن) لیگ نے پی آئی اے کی فروخت کے ساتھ اسٹیل ملز مفت دینے کا اعلان کررکھا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو کا اصل وارث زرداری نہیں فاطمہ بھٹو ہے، فاطمہ بھٹو کی کتاب پڑھ لیں تو آنکھیں کھل جائیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری مناظرہ کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں ، بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں جس حلقے سے چاہیں الیکشن لڑیں میں مقابلے میں الیکشن لڑنے کو تیار ہوں، یہ شخص عمران خان کو چیلنج کرتا ہے مگر اس کے سپاہی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
The post بلاول جس حلقے سے چاہیں الیکشن لڑیں مقابلے کیلیے تیار ہوں، مراد سعید کا چیلنج appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3eVg2GV
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box