کراچی/ لاہور / پشاور / کوئٹہ: گزشتہ روز کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں خوف کی فضا ہے۔
گزشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے کراچی اور اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں خوف کی فضا برقرار ہے۔
سندھ بھر کے تعلیمی ادارے بند
کراچی میں کورونا کے ایک کیس کی تصدیق کے بعد سندھ حکومت نے 27 اور 28 فروری کو سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بلوچستان میں میٹرک کے امتحان ملتوی
کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جہاں ایک جانب بلوچستان سے متصل ایران کی سرحد مسلسل پانچویں روز بھی بند ہے، وہیں بلوچستان حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے اور دینی مدارس 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران میٹرک کے امتحانات بھی نہیں ہوں گے۔
کراچی میں مریض کی خصوصی نگہداشت
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنی ٹوئٹ میں کراچی سے کورونا وائرس کے مریض کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم محکمہ صحت سندھ کے ترجمان نے مریض کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ترجمان محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ یحییٰ جعفری چند روز قبل ایران سے کراچی واپس آیا ہے۔ وائرس کی تشخیص کے بعد یحییٰ جعفری اور اس کے اہلخانہ کو مخصوص وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت میں ہنگامی اجلاس
کراچی میں کورونا وائرس رپورٹ ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس ہوا ہے، جس میں وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو ، وزیر اطلاعات و وزیر تعلیم سعید غنی ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضٰی وہاب سمیت دیگر شریک ہیں۔
کراچی میں زائرین کی فہرست تیار
صوبائی محکمہ صحت نے حالیہ چند روز کے دوران ایران سے کراچی پہنچنے والے زائرین کی فہرست مرتب کرلی ہے جس میں کراچی پہنچنے والوں کے نام ، پتے ، قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز بھی شامل ہیں ، کراچی سے ایران جانے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی تعداد 5 سوسے زائد بتائی گئی ہے۔
بلوچستان حکومت بھی تیار
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بلوچستان حکومت پوری تیار ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں، فوج اور دیگر وفاقی ادارے سب گذشتہ ایک ماہ سے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔
پنجاب میں بھی ایک مشکوک کیس
پنجاب کے شہر سوہاوہ کے علاقہ ٹبی سیداں کی رہائشی عابدہ نسرین سوہاوہ کو محکمہ صحت کی ٹیموں نے اسپتال کے پرائیوٹ کمرے میں منتقل کردیا ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم کا کہنا ہے کہ خاتون چند روز قبل ایران سے واپس آئی ہیں، یہ کورونا وائرس کا مشتبہ کیس ہے مریضہ کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھیج دئیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے نتائج آنے سے قبل اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی جاسکتی۔
اسکردو میں پرندوں کے شکار پر پابندی
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اسکردو انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت موسمی پرندوں کے شکار پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اسکردو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔
The post کورونا کی تصدیق کے بعد خوف کی فضا، ایران سے آنے والوں کی فہرستیں تیار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2PueqJo