کراچی: بلدیہ غربی میں گزشتہ 3ماہ میں60 کروڑ سے زائد کی ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے جب کہ مبینہ طور پر 40فیصد کمیشن کے عوض سرکاری فنڈز کی بندر بانٹ کی گئی۔
بلدیہ ضلع غربی کا کروڑوں کا فنڈز مبینہ بھاری کمیشن وصول کے عوض چہیتے اور من پسند ٹھیکیداروں پر نچھاور کیے جانے کا انکشاف ہوا، ذرائع کا کہناہے کہ 3ماہ کے دوران ضلع غربی میں60کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کردی گئی ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں کے جاتے ہی افسران نے ڈی ایم سی کے خزانے پر دھاوابول کر دونوں ہاتھوں سے فنڈزکی لوٹ مار شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق چیک ڈپارٹمنٹ میں موجود گریڈ 16کے متنازع افسر اعجاز قدیر نے کروڑوں کی ادائیگیاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اس سلسلے میں چند روز قبل ذرائع ابلاغ میں نشاندہی کے بعد ریجنل ڈائریکٹر نے ادائیگیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے اکائونٹ کو منجمد کرادیا تھا تاہم پراسرار طور پر چند روز بعد ہی مذکورہ منجمد کرایا گیا اکائونٹ دوبارہ کھلوادیاگیا جس کے بعد کنٹریکٹر کو مزیدکروڑوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق انچارج چیک ڈپارٹمنٹ اعجاز قدیر کا مبینہ بدعنوانیوں پر تبادلہ چیک ڈپارٹمنٹ سے سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کیا گیا تھا جس کے لیے ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن کے جاری احکام پرکوئی عمل نہیں کیاگیا اور تاحال اعجاز قدیر نے چیک سیکشن میں مبینہ بدعنوانیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اورقریبی رشتے داروںکے نام پر بنائی گئیں کمپنیوں کو بھی بھاری ادائیگی کرکے نوازدیاہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ کروڑوں کی مبینہ بوگس ادائیگیوں کے باوجودایڈمنسٹریٹر اور اکائونٹ افسرنے نہ صرف پراسرار خاموشی اختیار کرر کھی ہے بلکہ ادائیگی کی منظوریاں بھی دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چند مخصوص ٹھیکیداروں کو بھاری ادائیگی کی گئی ہے جس میں الیکٹریکل سپلائی کے ٹھیکیدار سمیت دیگر کنٹریکٹرز کی مبینہ بوگس فائلوں پر کی گئیںادائیگیوں کی تفصیلات بھی منظر عام پر آگئی ہیں، ڈی ایم سی کے فنڈز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے،سینئر افسران نے اعلیٰ تحقیقاتی اداروں اور حکام سے فوری نوٹس لینے اور کی گئیں ادائیگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔
The post بلدیہ غربی میں فنڈز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3iPJf8F
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box