کراچی: جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے غیر ملکی ٹیسٹنگ سسٹم “جی آر ای” (گریجویٹ ریکارڈ ایکزامینیشن) کو لازمی قرار دے دیا ہے اور اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں خود اپنی ٹیسٹنگ سروس اور این ٹی ایس سمیت تمام ملکی ٹیسٹنگ سروس پر پابندی عائد کردی ہے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے “ایکسپریس” کو رابطہ کرنے پر بتایا کہ سینڈیکیٹ نے یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا ہے جس کا مقصد ایک بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ایک اچھی ساکھ رکھنے والے خود مختار ادارے سے امیدواروں کے ٹیسٹ کرانا ہے۔
واضح رہے کہ اس سلسلے میں بعض شعبہ جات میں لیکچرر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی بھرتیوں کے سلسلے میں 2014 میں جاری کیے گئے اشتہارات کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ ان شعبوں میں جغرافیہ، اپلائیڈ فزکس، اپلائیڈ کیمسٹری اینڈ کیمیکل ٹیکنالوجی اور لائبریری اینڈ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
ان شعبوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر متعلقہ اسامیاں 2019 کے اشتہار میں دوبارہ مشتہر ہیں تو 2019 کے اشتہار کے مطابق ان کی بھرتیاں جی آر ای کے تحت کی جائیں۔ اگر مشتہر نہیں ہیں تو چاروں شعبوں کا نیا اشتہار جاری کیا جائے اور بھرتیاں جی آر ای سبجیکٹ ٹیسٹ سے کی جائیں۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ اس فیصلے سے بعض شعبوں میں عرصہ دراز سے ریسرچ اسسٹنٹ کی حیثیت سے تدریس سے منسلک جونیئر اساتذہ میں تشویش پائی جاتی ہے کہ وہ ملکی ٹیسٹنگ سروس کے ہوتے ہوئے کس طرح جی آر ای دیں گے۔
ایک جزوقتی استاد کا کہنا تھا کہ جی آر ای تو جامعہ کراچی کے اکثر سینئر اساتذہ بھی پاس نہیں کرسکتے ہم کیسے پاس کریں گے۔ ایک اور ٹیچر کے مطابق سینڈیکیٹ میں اس فیصلے کے وقت اساتذہ نمائندوں کے طور پرجامعہ کراچی کے کم از کم 6 اساتذہ موجود تھے جن میں سے کسی نے بھی جی آر ای نہیں دیا پھر بھی اس فیصلے پر خاموشی اختیار کی۔
ادھر یہ معاملہ بھی سامنے آرہا ہے کہ این ٹی ایس کی فیس ڈھائی سے تین ہزار روپے فی امیدوار تھی جبکہ جی آر ای کی فیس 150 سے 225 ڈالر فی امیدوار تک ہے۔
واضح رہے کہ سینڈیکیٹ کے فیصلے کے مطابق 2019 کے اشتہار میں جہاں بھی ٹیسٹ کی شرط عائد ہوتی ہے وہاں بھی اب جی آر ای سبجیکٹ 50 پرسنٹائل کے ساتھ پاس کرنا لازمی ہوگا۔
اس حوالے سے جامعہ کراچی عید کے بعد باقاعدہ ایک اشتہار بھی جاری کرے گی جس میں واضح کیا جائے گا کہ امیدوار اپنا جی آر ای سبجیکٹ رزلٹ 50 پرسنٹائل کے ساتھ متعلقہ دفتر میں جمع کرادیں۔
The post جامعہ کراچی؛ اساتذہ کی بھرتیاں GRE ٹیسٹ پاس کرنے سے مشروط appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3aXR8GB
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box