لاہور: کوروناوبا کی وجہ سے جہاں کئی کاروبار متاثرہوئے ہیں وہیں فینسی مرغیوں کی فارمنگ کے رحجان میں اضافہ ہوا ہے۔
لاہور کے علاقہ مناواں کے رہائشی 23 سالہ نوجوان دانش نے چندماہ پہلے شوقیہ طور پر چند ہزار روپے میں غیرملکی فینسی مرغیاں خریدی تھیں لیکن آج ا ن کے پاس لاکھوں روپے مالیت کے درجنوں مرغے اورمرغیاں ہیں،ا نکاشوق اب کاروبارمیں بدل گیا ہے، چھوٹے سے برڈفارم میں اس وقت شامونسل کے مرغے اورمرغیاں ہیں۔ ایک پرندے کی کم ازکم قیمت 70 ہزار روپے ہے جبکہ بعض پرندوں کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے سے بھی زیادہ ہے۔ یہ مرغیاں بیلجیم،جرمنی، اٹلی اورفرانس سمیت مختلف یورپی ممالک سے امپورٹ کی جاتی ہیں، ان میں ایک نراوردومادہ پرندوں کی قیمت سات لاکھ روپے تک بھی ہے.
دانش کاکہنا ہے انہوں نے گزشتہ برس پہلی کھیپ منگوائی تھی ،ناتجربہ کاری کی وجہ سے تھوڑانقصان بھی اٹھاناپڑا تاہم اب اللہ کا شکر ہے کہ ان کی کھیپ فارم پرپہنچنے سے پہلے ہی سیل ہوجاتی ہے۔ غیرملکی مرغیوں کی کئی اقسام ہیں جو پاکستان میں مقبول ہورہی ہیں ان میں پالش، سلکی، بنٹم، کوچین، سپرائیٹ، انگلش گیم، لانگ ٹیل، بلیک روز کومب اور ملی فلاور سمیت 85 مختلف اقسام کی مرغیاں شامل ہیں۔ ان کے پاس اس وقت پہلوان قسم کے شامو مرغ اورمرغیاں ہیں، اس مرغے کا قد تین فٹ تک اونچاہوتا ہے جبکہ شاموکی بعض اقسام سب سے چھوٹی بھی ہے۔ نوجوان دانش کاکہنا ہے ان پرندوں کومنرل واٹرپلایاجاتا ہے جبکہ خوراک میں ابتدائی دنوں میں بریڈ دی جاتی ہے اوربعد میں مختلف دالیں مکس کرکے دی جاتی ہیں۔ بریڈنگ اور انڈے دینے کے سیزن کے دوران پولٹری فیڈ بھی دی جاتی ہے.
خوبصورت پرندے گھر کے آنگن میں ہوں تو اُن کے خوبصورت چمکدار رنگوں سے گھرمیں قوس وقزح اُتر آتی ہے اور دیکھنے والے کادل اللہ تعالیٰ کا شکر اداکئے بغیر نہیں رہ سکتاہے، ان خوبصورت اوررنگ برنگے مرغوں اورمرغیوں کودیکھ کرپرندے پالنے کے شوقین شہری ان کے دیوانے ہوتے جارہے ہیں۔ فینسی پرندوں کی شوقین فریال اعظم نے بتایا انہوں نے سوشل میڈیا پرجب ان مرغوں اورمرغیوں سے متعلق معلومات حاصل کیں توان کی دلچسپی بڑھ گئی، ان کے گھرمیں عام دیسی مرغ اورمرغیاں ہیں جن سے انڈے اورگوشت حاصل کیاجاتا ہے جبکہ انہوں نے گھرمیں فینسی پرندے بھی پال رکھے ہیں لیکن اب وہ گھرمیں یہ غیرملکی مرغیاں رکھنا چاہتی ہیں،یہ بہت خوبصورت اورپیارے ہیں، فریال کے مطابق انہوں نے اتنے بڑے سائزاورخوبصورت رنگوں کےمرغ اورمرغیاں پہلی باردیکھی ہیں ،وہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کوداددیتی ہیں جنہوں نے شہریوں کو انڈے اورمرغیاں پالنے کامشورہ دیا تھا.
ایک اورشہری جاسم ظفرنے بتایا انہوں نے چندماہ پہلے فینسی مرغیوں کے چند جوڑے رکھے تھے لیکن اب ان کا شوق بڑھتاجارہا ہے اورمزید پرندے خریدنے آئے ہیں، یہ بہت پیارے ہیں ،انہوں نے کہا انڈوں اور گوشت کی پیداوار کے ساتھ ساتھ اگر ان فینسی مرغیوں کی بھی باقاعدہ فارمنگ کی جائے تو نہ صرف یہ اُن کے لئے بہت منافع بخش فارمنگ ہوگی بلکہ پاکستان جو نسلیں درآمد ہوتی ہیں کل کو وہی نسلیں ہم باقی ماندہ دنیا کو برآمد کریں گے۔
The post پاکستان میں لڑاکا مرغے پالنے کارحجان بڑھنے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3y5TuvF
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box