پنجشیرمیں طالبان اور مزاحمتی فورس میں گھمسان کی لڑائی، متعدد جنگجو ہلاک

کابل: افغانستان کے صوبے پنجشیر میں طالبان اور احمد مسعود کی زیر قیادت مزاحمتی فورس کے درمیان جھڑپ میں 8 طالبان ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پنجشیر میں طالبان نے مزاحمت کاروں پر حملہ کردیا اور دو طرفہ فائرنگ کے دوران 8 طالبان ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے جب کہ قومی مزاحمتی فورس کے دو جنگجو بھی مارے گئے۔

پنجشیر میں احمد مسعود کے ساتھ نائب صدر امر اللہ صالح سمیت اشرف غنی کی کابینہ کے سابق وزرا بھی موجود ہیں اور طالبان کے خلاف مزاحمت دکھا رہے ہیں۔ اشرف غنی کے وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمودی نے ٹویٹ میں طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

طالبان کی جانب سے پنجشیر میں جھڑپ اور جانی نقصان کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

پنجشیر واحد صوبہ ہے جہاں طالبان تاحال اپنی عمل داری قائم نہیں کرسکے۔ سابق شمالی اتحاد کے گڑھ پنجشیر میں سوویت یونین کے خلاف جنگ کے کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے طالبان کی حکومت تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : طالبان کے آگے جھکنے سے بہتر مرنا پسند کروں گا، احمد مسعود 

احمد مسعود کے انکار پر طالبان جنگجو پنجشیر کی سرحدوں پر کھڑے ہوگئے اور ایسی اطلاعات بھی آئیں کہ طالبان نے خوراک اور اسلحے کی سپلائی لائن کاٹ دی تھی جب کہ طالبان رہنما مذاکرات کے لیے بھی پہنچے تھے جو بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

یہ پڑھیں : بیس سال بعد افغانستان سے انخلا مکمل، امریکا نے کابل ایئرپورٹ خالی کردیا 

مذاکرات کے بے نتیجہ ثابت ہونے پر طالبان نے پنجشیر پر حملہ کردیا تاہم احمد مسعود کی قیادت میں قومی مزاحمتی فورس نے بھرپور مقابلہ کیا۔ پنجشیر افغانستان کے 39 صوبوں میں سے واحد صوبہ بن گیا ہے جہاں طالبان کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : طالبان کا پنجشیر کا محاصرہ؛ امراللہ صالح کا خوراک روکنے کا الزام 

پنجشیر میں پہلی جھڑپ 23 اگست کو ہوئی تھی جس میں دونوں جانب سے بھاری جانی و مالی نقصان کے متضاد دعوے کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ جنگ میں طالبان کی قیادت سب سے زیرک کمانڈر قاری فصیح الدین کر رہے ہیں جب کہ قومی مزاحمتی فورس کی سربراہی سابق شمالی اتحاد کے مقتول امیر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کر رہے ہیں۔

 

 

The post پنجشیرمیں طالبان اور مزاحمتی فورس میں گھمسان کی لڑائی، متعدد جنگجو ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3zCuNsk

No comments:

Post a Comment

plz do not enter any spam link in the comment box

رحیم یارخان میں 14 سالہ لڑکے سے دو سگے بھائیوں کی اجتماعی زیادتی

رحیم یار خان:  اوباش بھائیوں نے 14 سالہ لڑکے کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل...