اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں تقریب سے خطاب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ مجھے افواج پاکستان پر فخر ہے کہ وہ پیشہ ورانہ طور پر انتہائی قابل و تربیت یافتہ ہیں اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہمارے بہادر جنگجو ہوابازوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں اعلیٰ بہادری کا مظاہرہ کیا اور قائد کے پاک فضائیہ کے متعلق فرمان ” ہمارا کوئی ہمسر نہیں” کی عملی مثال بن کر دکھایا ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ آزاد وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ پاکستانی ایک امن پسند قوم ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔ تاہم امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کے بغیر خطے میں امن ناگزیر ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس سے اپنے خطاب میں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ یاد رکھئے آج پاک فضائیہ میں بطور افسران آپ کے سفر کا آغاز ہوا ہے۔ آپکی پاک فضائیہ جیسے عظیم ادارے میں تربیت اس بات کی غماز ہونی چاہیے کہ آپ محنت و لگن سے اپنا کام جاری رکھیں گے اور جدید فضائی جنگی حکمت عملی میں پاک فضائیہ کے کردار کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آپ کو اپنے پیشروؤں کے نقش قدم پر چلنا ہے جنہوں نے ہر قسم کے کٹھن حالات میں پاک فضائیہ کے پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔
The post مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے، سربراہ پاک فضائیہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3n1BkrC
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box