کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے دودھ کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے خلاف درخواست پرکمشنر کراچی سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو دودھ کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے دودھ کاسرکاری نرخ 94 روپے مقرر کیا گیا مگر دودھ 140 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا بتایا جائے دودھ کی سرکاری قیمت پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا؟ دودھ کی قیمت پر عمل درآمدکے لیے کیااقدامات کیے گئے؟ جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیے ریٹ بڑھا دیے گئے ہیں مگر دودھ کا کوئی معیار نہیں،انھوں نے آل کراچی ملک ریٹیل ویلفیئر ایسوسی ایشن سے مکالمے میں کہا کہ شکایات ملتی ہیں کہ دودھ میں چاول کا پانی ملا دیا جاتا ہے، ریٹ بھی بڑھاتے ہیں اور دودھ میں پانی کی مقدار بھی، جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا یہ بتائیں آپ اپنی مرضی سے کیسے ریٹ بڑھا سکتے ہیں؟
فوکل پرسن نے بتایا کہ ہمارے لیے سرکاری نرخ پر دودھ فروخت کرنا ممکن نہیں، کمشنر کراچی نے 3سال سے سرکاری نرخ طے نہیں کیے، عدالت نے ریمارکس دیے اس کا مطلب ہے آپ خود ہی نرخ بڑھا دیں گے؟
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر جو بھی نرخ طے کرتے ہیں، آپ مانتے نہیں، فوکل پرسن نے کہا کہ کمشنر کراچی کو چھاپے مارنے سے روکا جائے، عدالت کمشنر کراچی کو مناسب نرخ مقررکرنے کاکہے ، عدالت نے استفسار کیا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کیا کررہی ہے، سندھ فوڈ اتھارٹی حکام نے کہا کہ عدالت چھاپوں کا حکم دے تو کارروائیاں شروع کردیں گے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے عدالت کیوں حکم دے، آپ خود نہیں کریں گے کیا؟ نمائندہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا 180 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی، عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ شہر میں ایک لاکھ دکانیں ہیں کارروائی صرف 180 کے خلاف ہوئی۔
عدالت نے ریمارکس دیے لگتا ہے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے دودھ کا معیار چیک کرنے کا کام ختم کردیا گیا ہے ،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کای کہ دودھ کامعیار بہت خراب ہوگیا ہے، عدالت نے کمشنر کراچی سے7 مئی تک جواب طلب کرلیا۔
The post دودھ کی قیمت میں ہوشربا اضافے پر کمشنر سے جواب طلب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3u1QOhz
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box