لاہور: بچوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان المبارک میں سحری اورافطاری کے وقت اپنی ماں سے پسند کا کھانا تیار کرواسکے، کبھی چٹ پٹے سموسے، پکوڑوں کی فرمائش کی جاتی ہے توکبھی فروٹ چاٹ اوردہی بھلے کی ضد ہوتی ہے مگر چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم ان بچوں کی خواہشیں ان کے دل میں ہی رہ جاتی ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم کم سن بچوں کو تومعمول کے مطابق تین اوقات میں کھانادیا جاتا ہے تاہم بڑے بچے جو روزہ رکھتے ہیں ان کے لئے اجتماعی سحری اور افطاری کا دستر خوان سجایا جاتاہے۔ سحری اور افطاری کے لئے کھانا بیورو میں بنائے گئے کچن میں ہی تیار ہوتا ہے تاہم کھانے دسترخوان پرسجانے میں بیوروکے ملازمین کے ساتھ بڑی عمر کے بچے اور بچیاں بھی مدد کرتے ہیں۔
افطار دسترخوان پر بیٹھے عبدالرحمان نے بتایا جب وہ گھر میں ہوتا تھا تو اپنی ماما سے کہہ کر کچوریاں بنواتا، جام شیریں والا دودھ پسند تھا لیکن پیار کرنے والی وہ ماں ہی مجھے لاوارث چھوڑ گئی ، اب یہاں جو ملتا ہے کھالیتے ہیں، اللہ کا شکر ہے کھانا اچھا ہوتا ہے۔
رمشا اور فاطمہ کے بھی ایسے ہی خیالات ہیں، رمشا کے والدین میں علیحدگی ہونے کے بعد دونوں نے الگ الگ شادیاں کرلیں، رمشا اوراس کئ چھوٹی بہن کو لاوارث یہاں چھوڑدیا گیا۔ ان کاکہنا تھا کھانا ٹھیک ہوتا ہے، بیورو والے اب اتنے بچوں کی فرمائش تو پوری نہیں کرسکتے ہیں، ویسے بھی فرمائش کریں کس سے یہاں ہماری ماں توموجود نہیں ہے جو ہمارے نازنخرے اٹھائے گی۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈویلفیئر بیورو کے پاس اس وقت مختلف سنٹرزمیں ایک ہزارکے قریب بے سہارا،لاوارث بچے ہیں جن کی یہاں پرورش کی جارہی ہے، رمضان المبارک میں سحری اورافطاری کے وقت بچوں کو معیاری کھانا دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
بیوروکی چیئرپرسن سارہ احمد کہتی ہیں ہماری کوشش ہوتی ہے کہ بچوں کو بہترین اورمعیاری خوراک دی جائے، بچوں کے لئے رمضان المبارک اور عام دنوں میں بھی خوراک کا چارٹ تیارہوتا ہے۔ یہ چارٹ غذائی ماہرین کی معاونت سے تیارکیاجاتا ہے، بچوں کی عمر کے مطابق ان کے لئے الگ الگ خوراک کا پلان ہوتا ہے اسی کے مطابق بچوں کوکھانا دیا جاتا ہے۔ اس میں بریانی، چکن قورمہ، بیف ،مٹن ، سبزیاں ،پھل، دودھ ،سادہ چاول اور روٹی یہ سب شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں بچوں کے لئے موسمی پھل کے ساتھ کھجور، شربت، پکوڑے،دہی بھلے یا فروٹ چاٹ شامل ہوتی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق رمضان المبارک میں بچوں کی دینی تعلیم پرخصوصی توجہ دی جاتی ہے، بچوں اوربچیوں کے لئے الگ الگ قاری رکھے گئے ہیں جوانہیں قرآن پاک پڑھاتے اور درس دیتے ہیں، بچوں کو نماز اوردیگر دینی مسائل سمجھائے جاتے ہیں۔ بیوروکے اندر موجود مسجد میں نمازپنجگانہ کا اہتمام ہوتا ہے۔
ماں باپ کی شفقت سے محروم ان ننھے فرشتوں کو کھانے میں جوملتا ہے خوش ہوکرکھالیتے اوراپنی قسمت پرصبرشکرکرتے ہیں، ان میں کئی ایسے ہیں جن کو ان کو ان کے والدین خود یہاں چھوڑ گئے ہیں۔
The post لاوارث اور بے سہارا بچوں کی سحری و افطاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3aDMsW4
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box