کراچی: شہر کے تجارتی مرکز صدر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ٹریفک پولیس کا سائیکل اسکواڈ قائم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے تجارتی مرکز صدر میں ٹریفک کے بے ہنگم دباؤ اور رش پر قابو پانے کے لیے ٹریفک پولیس میں سائیکل اسکواڈ قائم کردیا گیا ہے ، اس سلسلے میں گزشتہ روز صدر میں سادہ و پروقار تقریب منعقد ہوئی ، ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے اسکواڈ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے بے پناہ رش کے باعث ٹریفک پولیس کا رش کے مقام تک پہنچنا دشوار ہوجاتا تھا جس کی وجہ سے سائیکل اسکواڈ کی اشد ضرورت محسوس ہوتی تھی، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمے میں سائیکل اسکواڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، سائیکل پر ٹریفک پولیس کا اہلکار زیادہ جلدی رش کے مقام تک پہنچ سکے گا اور ٹریفک جام پر قابو پانے میں مدد حاصل ہوگی، سائیکلوں پر سوار پولیس اہلکار صدر کے علاقے میں ٹریفک جام کے دوران اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔
اقبال دارا کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکواڈ فوارہ چوک سے موبائل مارکیٹ اور بمبینو سگنل سے ایٹریئم مال تک پٹرولنگ کرے گا، واکی ٹاکی اور دیگر لوازمات سے لیس ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ میں گاڑیوں کو بذریعہ لفٹر بھی اٹھوائے گا، اس کے علاوہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی دے گا۔
تقریب کے دوران ڈی آئی جی اقبال دارا نے ٹریفک پولیس کے لیے بنایا گیا موبائل ٹوائلٹ کا بھی افتتاح کیا۔ انھو ں نے بتایا کہ ٹرک میں بنایا گیا موبائل ٹوائلٹ شہر میں گشت کرے گا اور ضرورت کے تحت ٹریفک پولیس کے افسران و جوان اسے فون کرکے بھی بلاسکتے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے موبائل لکی اسٹار ٹریفک سیکشن کا بھی افتتاح کیا۔
واضح رہے کہ صدر کا علاقہ شہر کا تجارتی مراکز ہے ، یہاں کئی تجارتی مراکز قائم ہیں جہاں شہریوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور اسی وجہ سے یہ علاقہ پارکنگ اور ٹریفک کے بے پناہ مسائل کا شکار رہتا ہے ، ماضی میں بھی کئی تجربے کیے گئے کبھی سڑکوں کی بندش اور کبھی سڑکوں کو ایک رویہ کیا گیا ، اب اس علاقے میں ایسے ہی مسائل کے حل کے لیے سائیکل اسکواڈ قائم کردیا گیا ہے ۔
The post کراچی میں ٹریفک مسائل پر قابو پانے کیلیے پولیس کا سائیکل اسکواڈ قائم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3e7uM7e