کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی کا چارج رکھنے والے ڈپٹی کمشنر شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کے بجائے مخصوص ایجنڈا پورا کرنے لگے، صرف بلدیہ وسطی کے ملازمین کی4 بار فزیکل ویری فکیشن کے بعد اب 7 ہزار سے زائد ملازمین کو 2 روز میں مکمل سروس ریکارڈ پیش کرنے کا حکم جاری کردیاگیا ہے۔
بلدیہ وسطی کے ملازمین نے ڈپٹی کمشنر پر اقربا پروری،جانبداری اور متعصبانہ رویہ اختیارکرنے کا الزام عائدکردیا، ، پی پی عہدیداروں کی سفارش پر مخصوص ملازمین کی بغیر فزیکل ویری فکیشن اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے تنخواہیں جاری کردی گئیں، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر وسطی اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی محمد بخش دھاریجونے شہر کے اہم ضلع کو مزید تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔
عارضی بنیاد پر تعینات ایڈمنسٹریٹر نے شہریوں کو بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کے بجائے توجہ مخصوص ایجنڈے کی تکمیل پر لگادی ہے، پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے لیے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے خصوصی پیکیج متعارف کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
گزشتہ ماہ ایڈمنسٹریٹر نے ملازمین کو تنخواہ فزیکل ویری فکیشن کے بغیر نہ دینے کا فیصلہ کیا ، فزیکل ویری فکیشن 26 روز میں مکمل ہوئی اور پھر ملازمین کو تنخواہ جاری کی گئی، اب ایڈمنسٹریٹر نے محکموں کے تمام سربراہان کو ادارے کے 7 ہزار سے زائد ملازمین کا مکمل سروس ریکارڈ 2 روز میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے اپنی تعیناتی کے ساتھ ہی ضلع وسطی کے ملازمین سے متعصبانہ سلوک شروع کررکھا ہے، فزیکل ویری فکیشن کے دوران غریب اور غیر سیاسی ملازمین صبح سے شام تک شدید گرمی میں کھڑے ہوکر فزیکل ویری فکیشن کراتے رہے جبکہ دوسری طرف پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیداروں کے رشتے دار اور کارکنوں کی فزیکل ویری فکیشن کیے بغیر ہی ان کو کلیئر قرار دے کر تنخواہیں جاری کردی گئیں جن میں ایک پی پی کے رہنما کی شاہدہ نامی ہمشیرہ بتائی جاتی ہیں جن کی فزیکل ویری فکیشن اور کاغذات کی جانچ پڑتال کے بغیر ہی گریڈ 17 کی تنخواہ جاری کردی گئی۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ پی پی عہدیداروں اور کارکنوں کے لیے ڈپٹی کمشنر نے خصوصی پیکیج متعارف کرایا ہے ان رہنماؤں اور کارکنوں کے رشتے دار فزیکل ویری فکیشن اور کاغذات کی جانچ پڑتال کرانے سے آزاد ہیں، عام ملازمین سخت اذیت میں مبتلا ہیں، ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے متعصبانہ اقدامات کے باعث پورے ضلع کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، گلیوں اور سڑکوں پر کچرے کے ڈھیروں سے تعفن پھیل رہا ہے شہریوں کے ساتھ بلدیہ وسطی کے ملازمین بھی ڈپٹی کمشنر کی متعصبانہ فیصلوں کے باعث شدید اذیت سے دوچار ہیں۔
The post بلدیہ وسطی کے ہزاروں ملازمین کی زندگی اجیرن، پی پی کارکنوں کیلیے پیکیج متعارف appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3kMqKSm
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box