کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکموں کی ترقیاتی اسکیموں پر ہونے والے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انھیں اپنی جاری اسکیموں کو مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعلیٰ کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سیکٹر کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ بڑے پیمانے پر فشریز اور حلال گوشت کی برآمدات کا آغاز کیا جا سکے۔
اجلاس میں سینئر ایڈوائزر ورکس اینڈ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ (یو اینڈ بی) نثار کھوڑو ، وزیر لائیوسٹاک باری پتافی ، مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری یو اینڈ بی علم الدین بلو ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔
محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے پاس 26 اسکیموں کے لیے 10451.448 ملین روپے کا پورٹ فولیو ہے جس کے لیے 4346.089 ملین روپے جاری کیے جاچکے ہیں جو 6105.359 ملین روپے کے تھرو فارورڈ کو ظاہر کرتا ہے۔ فشریز اینڈ لائیواسٹاک کی 26 اسکیموں میں سے 22 جاری اسکیمیں ہیں اور4 نئی اسکیمیں ہیں۔
جاری اسکیموں کے لیے1058 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں اور384.230 ملین روپے جاری کیے گئے اور168.169 ملین روپے استعمال ہوئے ہیں جو جاری شدہ رقم کے استعمال کا 43.77 فیصد بنتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اسکیموں کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ آئندہ بجٹ میں ان اسکیموں کو بجٹ سے خارج کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی اینڈ بورڈ نے 33813.70 ملین روپے سے 46 اسکیمیں شروع کیں جن پرجون 2020 تک 10967.202 ملین روپے کے اخراجات ریکارڈ کیے گئے اور 22846.506 ملین روپے تھرو فارورڈ دکھایا گیا۔ یو اینڈ بی کی 46 اسکیمیں ہیں جن میں سے 44 جاری اسکیمیں اور دو نئی ہیں۔ رواں مالی سال کے لیے جاری 44 اسکیموں کے لیے مختص رقم 3.33 ارب روپے ہے جس کے لیے 1 ارب 15 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 533.243 ملین روپے جاری شدہ رقم کے 46 فیصد استعمال کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ یونیورسٹی اور بورڈز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اسکیموں کو جلد مکمل کریں تاکہ آئندہ مالی سال میں نئی اسکیمیں عمل میں لائی جا سکیں۔
The post وزیر اعلیٰ سندھ کی جاری منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3cq8lJQ
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box