کراچی: بڑی تعمیراتی ایسوسی ایشن ’’آباد‘‘ نے اگلے دو برسوں کے دوران ملک کے چار بڑے شہروں میں5 لاکھ نئے مکانات تعمیر کرنے کا عزم کیا ہے جب کہ یہ مکانات کراچی، حیدرآباد ، اسلام آباد اور لاہور میں تعمیر کئے جائیں گے۔
چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈر اینڈ ڈویلپرز (آباد) محسن شیخانی نے اے پی پی کو بتایا کہ ہم نے مارکیٹ سٹڈی مکمل کرلی ہے اور زمینیں حاصل کر لی ہیں، صنعتی کھلاڑی اگلے دو برسوں میں مکانات کی تعمیر شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہا ہم درمیانے طبقے کے گھرانوں کو بڑے شہروں میں رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے دو مختلف زمروں میں 24 سے 30لاکھ روپے کے سستے نرخوں پر یہ مکانات دیں گے۔ آباد کے اس بڑے منصوبے سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں شروع ہونگی بلکہ ملک میں ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدوروں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔
محسن شیخانی نے تعمیراتی صنعت کیلئے حکومت کے ٹیکس میں نرمی کے فیصلے کو بھی سراہا اور کہا اب تعمیراتی شعبے نے صنعت کی حیثیت حاصل کرلی ہے جس سے ملک کی معاشی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور معاشی نمو میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے حالیہ پیکیج کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معیشت کیلئے ایک اہم موڑ ثابت ہوگا۔ آباد تعمیراتی شعبے کے لئے مراعات کا مطالبہ کررہی تھی کیونکہ 70 سے زائد صنعتیں اس پر انحصار کرتی ہیں، ہم تعمیراتی صنعت کی بحالی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔ وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ملک بھر میں تعمیراتی منصوبوں کی منظوری کے لئے ایک یکساں پالیسی کا اعلان کریں تاکہ بلڈرز اور ڈویلپر جلد سے جلد تعمیرات شروع کرسکیں۔ انہوں نے کورونا وائرس کے وبائی شکل پیدا ہونے کے بعد مقامی صنعتی شعبے کے امور کو حل کرنے کے حکومتی جامع حکمت عملی کے منصوبوں کی بھی تعریف کی۔
علاوہ ازیں چیئرمین آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اعظم فاروق نے کہا کہ پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر سے سٹیل کی صنعت کو بھی فائدہ ہوگا۔ موجودہ مشکل صورتحال میں ، جب عالمی معیشت سست روی کا شکار تھی ، پاکستان میں نئے مکانات کی تعمیر کے ذریعے اس بحران سے نکلنے کا بڑا موقع میسر آیا ہے۔
چیئرمین پاکستان آئرن اینڈ سٹیل مرچنٹ ایسوسی ایشن طارق ارشاد نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کو کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے جس سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے آباد کی طرف سے نئے پانچ لاکھ مکانات کی تعمیر کے اعلان کا خیرمقدم کیا جس سے بڑی معاشی سرگرمی شروع ہوگی۔
چیئرمین آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نعمان باقی صدیقی نے بھی حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازک صورتحال میں اس اقدام سے نہ صرف تعمیراتی شعبے کو بلکہ پوری معیشت کو فائدہ ہوگا۔
The post ’’آباد‘‘ کا بڑے شہروں میں 5 لاکھ نئے مکانات تعمیر کرنیکا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2S91tGj
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box