کراچی: نیپرا نے کے الیکٹرک کو ایک ماہ کا بل ادا نہ کرنے والے صارفین کی بجلی منقطع نہ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
نیپرا کے اس فیصلے پر کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم یوٹیلیٹی قوانین کی پاسداری کرتے ہیں، کے الیکٹرک ایک ذمے دار کارپوریٹ ادارہ ہے جس کی پالیسی ہے کہ کسی بھی صارف کی بجلی منقطع کرنے کے معاملے میں نیپرا کے سی ایس ایم میں درج ضابطوں (ریگولیشنز) پر عمل درآمد کیا جائے۔ یہ ان پیرا میٹرز کی تشریح کرتے ہیں جن پر بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ضرور عمل کرنا چاہیے ۔
نیپرا سی ایس ایم کے سیکشن 8.2، کی شق نمبر 8.2.1 سے 8.2.4 میں ان کا احاطہ کیا گیا ہے۔ شق نمبر 8.2.1 کے مطابق صارف بجلی کا بل مقررہ تاریخ کے اندر ادا کرنے کا پابند ہے، اورمقررہ تاریخ گذرنے کے بعد تاخیر سے ادائیگی پر سرچارج ادا کرنا ہوگا۔ اگر کوئی صارف رواں مہینے کا بل جمع نہیں کرواتا تو اس صورت میں کنکشن منقطع نہیں کیا جائے۔ بشرطیکہ اس پر کوئی واجبات باقی نہ ہوں۔
شق نمبر 8.2.2 کے مطابق گزشتہ ماہ کے بل کی عدم ادائیگی کی صورت میں کوئی کنکشن منقطع نہیں کیا جاسکتا۔ ڈسکو (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے استعمال ہونے والی نیپرا کی اصطلاح) دوسرے مہینے کے بل کے ساتھ نادہندہ صارف کو 7 روز کا نوٹس جاری کرے گا کہ وہ بقایا جات اداکرے یا کنکشن منقطع ہونے کا سامنا کرے، مطلوبہ نوٹس بجلی کے بل پر پرنٹ کیا جائے گااور بل پر مہر لگائی جائے۔
شق نمبر 8.2.3 کے مطابق ایک ماہ کے بل کی عدم ادائیگی کی صورت میں کوئی کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا۔ شق نمبر 8.2.4 میں بتایا گیا ہے کہ ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں اور دوسرے مہینے کے بل پر دی گئی تاریخ گذر جانے کے بعد نادہندہ کی بجلی کی فراہمی منقطع کردی جائے گی۔
اس صورت میں ڈسکو کی جانب سے منقطع سپلائی دوبارہ بحال نہیں کی جائے گی جب تک صارف کی جانب سے مکمل ادائیگی بشمول اضافی سرچارج یا قسطوں میں صارف کی جانب سے ادائیگی (ڈسکو کی اجازت سے مشروط) نہیں کردی جاتی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایک ریگولیٹڈ ادارے کی حیثیت سے کے الیکٹرک اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اس کے آپریشنز اس دائرہ کار کے مطابق ہوں۔ صارفین کوادارے کے آپریشنز کے طریقہ کار سے مکمل آگاہی دینے کے لیے کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر کنزیومر سروس مینَول دستیاب ہے۔
The post نیپرا نے کے الیکڑک کو نادہندہ صارفین کی بجلی منقطع نہ کرنے کی ہدایت کردی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3D2Xz6W
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box