کراچی: محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ڈیپریشن کے سائیکلونک اسٹارم میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، سسٹم کے زیراثرکراچی اور دیہی سندھ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں، جب کہ کراچی میں اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کی تشکیل ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سائیکلونک اسٹارم گلاب کا باقی ماندہ حصہ واضح ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں بھارتی گجرات کے جنوب میں موجود ہے، اس کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے، آج سسٹم شمال مشرقی بحیرہ عرب پہنچ کرشدت اختیار کرسکتا ہے۔ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مناسب موسمی صورتحال ملنے پر ڈیپریشن بن کر 24 گھنٹوں میں سائیکلونک اسٹارم بن سکتا ہے۔
اس کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میں 30 ستمبر سے 2 اکتوبر کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے، جب کہ اس دوران میرپور خاص، تھر پارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک کہیں تیز اور کہیں شدید اور کہیں کہیں موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج سے 3 اکتوبر کے درمیان وسع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے، بلوچستان کے ساحلی مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں شدید تیز اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہ سکتی ہے، ماہی گیر 30 سمتبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
طوفانی بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں، بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد، دادو میں بھی سسٹم کے تحت اربن فلڈنگ کا خطرہ رہےگا۔ بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، سومیانی، اورڑماڑا، پسنی، گوادر، تربت اور جیوانی میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، آندھی کے باعث کمزور عمارتوں کو نقصان پہچنے کا خطرہ رہے گا، تمام ادارے الرٹ رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا موسم گرم ومرطوب رہا، دن کے وقت لوکے تھپیڑے چلے، شہر میں درجہ حرارت 38.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصدرہا۔
The post کراچی میں کل سے 2 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3upCVKM
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box