اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ وارانہ مہارت شفقت محمود نے معذوری کے شکار بچوں کےلیے تمام سرکاری اسکولوں میں مساوی تعلیم کو لازمی قرار دیا۔
انہوں نے گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں اپنی شرکت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت یہ عہد کرنے جارہی ہے کہ تمام گورنمنٹ اسکول معذوری کے شکار بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کریں گے۔ حکومت اس سلسلے میں اسکولوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ جسمانی معذور بچے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرسکیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود 28 اور 29 جولائی کو ’’گلوبل ایجوکیشن سمٹ‘‘ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس اعلی سطحی اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد سے جسمانی معذور بچوں کو یکساں تعلیم کے مواقع ملیں گے اور ’’گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن‘‘ پر بھی عمل ہوگا۔
وفاقی وزیر عالمی تنظیم ’’سائٹ سیورز‘‘ کی ’’ایکول ورلڈ‘‘ مہم کی توثیق بھی کریں گے جس کے تحت سمٹ میں شریک مختلف ممالک کی حکومتیں یہ عہد کریں گی کہ وہ معذوری کے شکار بچوں کےلیے بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کی پابند ہیں۔
مساوی دنیا یعنی ’’ایکول ورلڈ‘‘ مہم کے بارے میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ اس مہم نے خاص طور پر معذوری کے شکار بچوں کےلیے مساوی اور شمولی نظام تعلیم (اِنکلیوسیو ایجوکیشن سسٹم) کی اہمیت اجاگر کی ہے۔
منزہ گیلانی، کنٹری ڈائریکٹر سائٹ سیورز پاکستان کا کہنا ہے کہ گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں شمولیت حکومت پاکستان کےلیے بے حد اہم ہے تاکہ جسمانی معذور بچوں کےلیے مساوی تعلیم کے موثر اور جامع عزم پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ گلوبل ایجوکیشن سمٹ کے شرکاء کے ساتھ مل کر یہ کام کرنا ایک بہترین موقع ہے۔ ان پالیسی منصوبوں پر عمل سے تمام بچوں کو مساوی تعلیم کے مواقع میسر ہونگے اور کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔
’’سائٹ سیورز‘‘ وفاقی وزارت تعلیم کے اشتراک سے سرکاری اسکولوں میں آنکھوں کی صحت اور معذوری کے شکار بچوں کو مساوی تعلیم فراہم کرنے کےلیے کام کر رہا ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے پوری دنیا میں معذوری کے شکار بچوں کو بہت زیادہ مشکلات پیش آئی ہیں اور بڑی تعداد میں اسکول مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں۔
پاکستان دنیا میں تعلیم سے محروم بچوں میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں تقریباً دو کروڑ 28 لاکھ بچے اسکول نہیں جا رہے۔ ان میں بہت بڑی تعداد معذور بچوں کی بھی ہے۔
گلوبل ایجوکیشن سمٹ کے ذریعے شرکاء کو باہمی گفت و شنید کے علاوہ معذوری کے شکار بچوں کو مساوی تعلیم فراہم کرنے کی جامع حکمت علمی مرتب کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
اس گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں تمام ممالک اپنے علاقوں میں مساوی تعلیم کے فروغ کےلیے عہد کریں گے تاکہ معذوری کے شکار بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع مل سکیں۔
The post معذور بچوں کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وفاقی وزیرِ تعلیم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3iQaNeI
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box