اے روشنیوں کے شہر بتا۔۔۔!

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ دو تین دن کی بارشوں نے الم ناک تباہی مچائی، ایسا نہیں تھا کہ کوئی آفت آئی ہو موسلا دھار بارشوں کے تسلسل سے شہر جل تھل ہوا ہو اور لوگ بارش بند ہونے کی دعا مانگ رہے ہوں، بلکہ گھن گرج کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جو برس ہا برس سے ہوتی آرہی ہیں، اس میں کوئی نئی بات نہیں تھی مگر جو بنیادی اور چشم کشا سوال تھا وہ صوبائی اور مقامی حکومتوں کی غفلت، تساہل، نااہلی، اپنے فرائض سے چشم پوشی، انفرا اسٹرکچر کی ترقی، نگہداشت اور استحکام سے لاتعلقی تھی جس نے بارش کو رحمت سے زحمت اور عذاب بنا دیا، بارشوں نے ہمیشہ سندھ انتظامیہ اور مقامی و ضلعی حکومتوں کا بھانڈا پھوڑا ہے۔

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بے نقاب ہوا ہے، سندھ انتظامیہ اور بے نام سی مقامی حکومتیں نقش بر آب ثابت ہوئی ہیں، بلدیاتی ڈھانچہ، صوبائی سیٹ اپ، مقامی حکومت، میئر کراچی اور کے الیکٹرک سارے ادارے موجود ہیں۔ مگر جب بارش آتی ہے تو تمام ہنگامی انتظامات، رین ایمرجنسی اور اداروں کے سربراہ عملی کاموں کی نگرانی کرتے ہوئے کہیں دکھائی نہیں دیتے، ان دو تین دنوں میں صوبائی حکومت اور اس کے ساتھ منسلک ڈھیر سارے ادارے اپنی کارکردگی کے کچرے اور ملبے سمیت سیلابی پانی کے ریلے میں بہہ گئے، یہ صورتحال دل فگاران کراچی کا ایک شہر آشوب ہے، اس پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مقامی حکومت کے ذمے داران اور بابائے شہر وسیم اختر کو سوچنا چاہیے، سب کو بلا کر پوچھنا چاہیے کہ شہر کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، ایسی غفلت کیونکر ہوئی ؟ یہ شہر خوش جمال برباد کیوں ہوا؟

کراچی کل شہروں کی دلہن کہلاتی تھی، آج اس کے مکین رو رہے ہیں، لوگ مہنگائی، بیروزگاری اور کورونا کی مصیبت میں الجھے ہوئے ہیں اور اوپر سے بارش کے باعث پریشانی، لوگ کمر کمر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، اورنگی ٹاؤن میں مدرسے کی بچیوں اور بچوں کو رضاکاروں نے خود اپنی مدد آپ کے تحت پانی میں ڈوبنے سے بچایا، بعض کی اموات مین ہول میں گرنے سے ہوئی۔

8 افراد کرنٹ لگنے سے جان بحق ہوگئے، نشیبی علاقوں میں گھر زیر آب ہیں، کھانے کو کچھ نہیں، پینے کا پانی دستیاب نہیں، بلکل ارنسٹ ہیمنگوے کے ناول ’’اولڈ مین اینڈ دا سی‘‘ کا منظر ہے کہ ہر طرف پانی ہی پانی، مگر پینے کو ایک قطرہ نہیں every where there is water but not a drop to drinkشہریوں کی املاک، جمع پونجی، بستر، فرنیچر، کچن، کمرے سب تباہ ہوچکے ہیں، عوام کی بے بسی، مجبوری اور اذیت پر صرف معذرت سے کام نہیں چلے گا، ان پر شہر قائد کے سابقہ میئر حضرات کے احسانات اور خدمات کا کچھ تو اثر ہونا چاہیے، وہ بے بس ہیں، ان کے بقول وہ لاچار میئر ہیں، ان کے پاس اختیارات نہیں تو وہ مستعفی ہوں، کراچی کے انسان دوست میئرز کی روحوں کو شرمندہ نہ کریں۔

حقیقت یہ ہے کہ چینلز پر شہر کی جو حالت زار دنیا میں ہم وطنوں اور غیر ملکیوں کو نظر آئی ہے اسے سب نے اشکبار آنکھوں سے دیکھا ہوگا۔ ملک کی ڈھائی کروڑ آبادی کے سامنے ایک شکستہ، زمین بوس اور ناقابل یقین اربن تباہی کا منظر نامہ پھیلا ہوا ہے، جس پر ایک شہر آشوب بھی لکھا جاسکتا ہے۔

اربن ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشیں تو سال بہ سال آتی رہتی ہیں، حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ دانشمندانہ طرز عمل، سیاسی حکمت عملی، بہتر انتظامی صلاحیت اور بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناتے، جب محکمہ موسمیات کی جانب سے تسلسل کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی ہو رہی تھی تو وہی صائب وقت عمل کا تھا لیکن زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ واٹربورڈ، صوبائی حکومت اور وزیر بلدیات کی ٹیم اور وفاقی وزرا اس وقت دیگر ترجیحات کے زیر اثر تھے، ارباب اختیار تین جے آئی ٹیز کے میڈیا میں دفاع اور مخالفت کی نورا کشتیوں میں مصروف تھے، عوام کی مشکلات کی کس کو کیا پرواہ تھی۔

کراچی میں پیر کو شہر کے نصف علاقوں میں دھواں دار بارش ہوئی جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ اس کے ساتھ بجلی کی صورتحال بھی خراب ہوگئی۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کو آدھے شہر میں موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بارش ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی بحال نہ ہوسکی۔ بارش کے بعد اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، لیاقت آباد، کیماڑی، لیاری، ملیر، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر علاقے شدید متاثر ہوئے۔

سب سے زیادہ ضلع وسطی اور غربی کے علاقے متاثر ہوئے۔ دونوں اضلاع کے 70 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہوئے جن میں کچھ علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی تھی لیکن بعض علاقوں میں بحالی کا کام ممکن نہیں ہوسکا تھا۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا بارش کے بعد کچھ علاقوں میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی، شہری ٹوٹے تار اور پولز سے دور رہیں اور جانوروں کو بھی بجلی کے پولز کے ساتھ نہ باندھیں۔

24گھنٹے کے دوران شہر میں 120ملی میٹر (سوا چار انچ) بارش ریکارڈ ہوئی، پیر کو دوسرے روز بھی مون سون سسٹم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز اور کہیں معتدل بارشیں ہوئیں، شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بجائے تیز دھوپ نکلی رہی، سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 34 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، مون سون کے تیسرے اسپیل کے کے تحت شہر میں دوسرے روز بھی مختلف مقامات پر تیز اور معتدل بارشیں ہوئیں، شہر کے بیشتر علاقے دوسرے روز  بارش سے محروم رہے اور وہاں تیز دھوپ نکلی رہی، اتوار کو گلشن حدید میں 86.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، مگر پیر کو وہاں 0.4 ملی میٹر بارش (آدھے ملی میٹر سے بھی کم) ریکارڈ ہوئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 120ملی میٹر (سوا چار انچ) بارش ریکارڈ ہوئی، بارش کا سلسلہ دوپہر کو شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا، اس دوران نارتھ کراچی، ناظم آباد، سخی حسن، فائیو اسٹار چورنگی، کے ڈی اے چورنگی، قلندریہ، بفرزون، بورڈ آفس، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، پاور ہاؤس چورنگی، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا اور حسین آباد سمیت دیگر علاقوں میں کہیں تیز جب کہ کچھ علاقوں میں معتدل بارش، بوندا باندی اور پھوار پڑی، پیر کو سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 34 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

گلستان جوہر 10.2، نارتھ کراچی 8.8، اولڈ ایئر پورٹ 1.8، جناح ٹرمینل 0.8 اور سرجانی ٹاؤن میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، بیس مسرور، بیس فیصل، گلشن حدید، صدر، لانڈھی اور کیماڑی میں بوندا باندی ہوئی، بارش کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں اربن فلڈنگ (سیلابی) صورتحال پیدا ہوگئی۔ چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بارش دینے والا مون سون کا اسپیل کافی حد تک کمزور پڑ چکا ہے، تاہم اس سسٹم کا ٹرف (ایک حصہ) ابھی بھی شہر کی فضاؤں پر موجود ہے، سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج علی الصبح بارش کا سبب بننے والا سلسلہ سمندر میں ختم ہوجائے گا، جس کے بعد شہر میں مزید تیز بارشوں کا امکان ختم ہوجائے گا، محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ منگل کو شہر کا مطلع ابر آلود رہنے کا امکان اور شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار پڑنے کا امکان ہے۔

ہلاکتوں کی داستان الگ ہے، موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ سپارکو روڈ ماربل فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے جھلس کر 2 افراد جاں بحق ہو گئے، اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کے علاقے مواچھ گوٹھ سپارکو روڈ البدر ماربل فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے جھلس کر 2 افراد جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئیں۔ واضح رہے کہ شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

کراچی کی بارشوں پر عوام اور ماہرین کی طرف سے افسوس اور سینہ کوبی کو زمانہ ہوچکا ہے، اب ضرورت اس کولیٹرل ڈیمیج کے ازالے کی ہے، سندھ اور اربن کراچی سے متعلقہ سویلین اداروں اور محکموں کے سربراہوں کو ذمے دار قرار دے کر ان کا احتساب ہونا چاہیے، کم از کم اس بات کا فیصلہ تو ہو کہ72  برسوں میں کراچی میں فراہمی آب اور نکاسی آب کے شفاف اور مستحکم منصوبے کیوں پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکے۔

اربن رین ایمرجنسی اگر یہی ہے کہ شہر ڈوب جائے اور کسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگے، تو اس شہر کا اللہ ہی حافظ ہے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ بارشوں سے ہونے والی بربادی صوبائی اور مقامی حکومتوں کی باہمی چپقلش کا نتیجہ ہے، کوئی ادارہ کام کر نے پر تیار نہیں، سب کے انتظامی سینگ ایک دوسرے میں اٹکے ہوئے ہیں، جب ایسی افراتفری اور جوابدہی کا کوئی بنیادی میکنزم موجود نہ ہو، سب ہی بے لگام ہوں تو کراچی کے دکھ کیسے کم ہوںگے۔ چاک گریبان شہر کے آنسو کون پونچھے گا۔

The post اے روشنیوں کے شہر بتا۔۔۔! appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3hR1Csp

No comments:

Post a Comment

plz do not enter any spam link in the comment box

رحیم یارخان میں 14 سالہ لڑکے سے دو سگے بھائیوں کی اجتماعی زیادتی

رحیم یار خان:  اوباش بھائیوں نے 14 سالہ لڑکے کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل...