کراچی: پیرکے روز ہونے والی بارش نے مختلف اسپتالوں کے انتظامات کاپول کھول دیا، نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث برساتی پانی اسپتالوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مریضوں اور عملے کومشکلات کا سامنا رہا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیرکے روز ہونے والی تیزبارش کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں، گلی محلوں سمیت اسپتالوں میں بھی برساتی پانی جمع ہوگیا، نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بروقت انتظامات نہ کیے جانے کے باعث اسپتال میں آنے والے مریضوں کوشدید اذیت کا سامنا رہا۔
ضلع وسطی میں کے ڈی اے چورنگی پر قائم سیفی اسپتال کی او پی ڈی، لان ،انتظامی عمارت اور اسپتال کے اطراف میں بھی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جس کے سبب عملے اور مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اسپتال کا عملہ وائپر کی مدد سے اسپتال سے پانی کی نکاسی کرنے کے عمل میں مصروف رہا، ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال اوجھا کیمپس کی او پی ڈی میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
اسپتال میں جاری ترقیاتی کام کے باعث بجلی کے بورڈ شاورز کا منظر پیش کرنے لگے جن کے سوراخوں سے پانی نکلنے لگاصورتحال کے باعث اسپتال کا عملہ اورمریض خوفزدہ ہوگئے تاہم او پی ڈی مریضوں سے خالی رہی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،واضح رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پیر کو ہونے والی بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوگیا اور گھروں سے کام کاج کے سلسلے میں نکلنے والے شہری بارش کے پانی میں پھنس گئے۔
The post بارش کا پانی اسپتالوں میں داخل ہونے سے مریض اور عملہ پریشان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/332Cafc
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box