کراچی: شہر قائد میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کے بعد چور 40 فٹ لمبی 8 ویلر کنٹینر بردار ٹرالی لے اڑے، ٹرالی لے جانے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کے بعد نامعلوم ملزم کیماڑی نے 40 فٹ لمبی 8 ویلر ٹرالی جس پر کنٹینر رکھا جاتا ہے چوری کرلی، چوری کی اس انوکھی واردات کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جیکسن پولیس نے چوری کا مقدمہ درج کرلیا تاہم مسروقہ ٹرالی تاحال برآمد نہیں کرائی جا سکی۔
اس حوالے سے مدعی مقدمہ امجد علی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ ڈیفنس ویو فیز ٹو کا رہائشی اور ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا ہے، ڈرائیوراشفاق نے مورخہ 6 نومبر کو دن پانچ بجے کے قریب میرے ٹرالر نمبر ٹی ایل اے 580 کی 8 وہیلر 40 فٹ لمبی ٹرالی شاہین یارڈ روڈ نزد کسٹم بونڈ گودام کیماڑی کی پارکنگ میں چوکیدار کی زیر نگرانی پارک کر کے فشری گودام گیراج چلا گیا۔
مورخہ 19 نومبر کو میری دوسری گاڑی کے ڈرائیور بخت زادہ نے مجھے بتایا کہ ٹرالی اپنی جگہ پر موجود نہیں ہے جس پر میں نے وہاں جا کر چوکیدار مبارک سے معلومات کی تو اس نے بتایا کہ وہ سمجھا کہ آپ لوگ خود لے کر گئے ہیں۔
جیکسن پولیس نے 20 نومبر کو امجد علی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 339 سال 2021 بجرم دفعہ 379 تعزات پاکستان کے تحت درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
اس حوالے سے مدعی مقدمہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کا ڈرائیور ٹریلر سے ٹرالی کو الگ کر کے اگلے حصے (مشین) کو ٹھیک کرانے کے لیے گیراج لے گیا تھا اور مذکورہ مقام پر صرف ٹریلر کے پچھلے حصے میں لگائی جانے والی ٹرالی جس پر کنٹینر رکھا جاتا ہے وہاں پر پارک تھی جسے نامعلوم ملزم اپنے ہمراہ ٹریلر کے اگلے حصے (مشین) کے ہمراہ آیا اور ٹرالی کو اس کے ساتھ جوڑ کر فرار ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹرالی کی مالیت 12 لاکھ روپے ہے تاہم پولیس چوری کی جانے والی ٹرالی تاحال برآمد نہیں کرا سکی ہے، امجد علی نے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری طور پر واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مسروقہ ٹرالی کو برآمد کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
The post کراچی میں کار اور موٹر سائیکلوں کے بعد چوری کی انوکھی واردات appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3nOlFNU
No comments:
Post a Comment
plz do not enter any spam link in the comment box